میانوالی میں گرین الیکٹرو بس سروس بند، شہری خوار ہونے لگے

میانوالی(جانوڈاٹ پی کے) مختلف روٹس پر چلنے والی پنجاب گرین الیکٹرو بس سروس معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکٹرک بسوں کے چارجنگ ٹرمینل پر بجلی کا نظام معطل ہوگیا، جس کے باعث بسیں چارج نہ ہوسکیں اور مختلف روٹس پر گرین بس سروس بند ہوگئی۔
بس سروس کی معطلی سے مختلف ٹرمینلز پر موجود مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور شہری متبادل ذرائع سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب گرین بسوں کی بندش سے نجی پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کی چاندی ہوگئی ہے، جبکہ شہریوں کو اضافی مشکلات اور سفری اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چارجنگ ٹرمینل پر بجلی کا نظام فوری طور پر بحال کرکے گرین الیکٹرو بس سروس دوبارہ شروع کی جائے تاکہ سفری مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔



