فیس بک کا روایتی انداز ختم ہونے کے قریب؟میٹا نے بڑی تبدیلی کی تیاری شروع کردی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل فیس بک کے صارفین کے لیے میٹا بڑی تبدیلی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بعد پلیٹ فارم استعمال کرنے کا روایتی انداز تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا فیس بک کے نئے ڈیزائن اور انٹرفیس کی آزمائش کر رہی ہے، جس میں روایتی ٹیکسٹ اور فوٹو پوسٹس کے مقابلے میں ویڈیو مواد کو زیادہ نمایاں کیا جائے گا۔

نئے ڈیزائن کے تحت فیس بک ایپ کھولنے پر صارفین کو روایتی نیوز فیڈ کے بجائے فل اسکرین ویڈیو فیڈ دکھائی دے گی، جس سے فیس بک کا تجربہ ٹک ٹاک اور یوٹیوب شارٹس سے مشابہ ہوجائے گا۔

رپورٹس کے مطابق میٹا ابتدائی طور پر اس نئے ’’ویڈیو فرسٹ‘‘ ورژن کی آزمائش بھارت میں کر رہی ہے تاکہ یہ جانچا جاسکے کہ صارفین نئے انداز کو کس حد تک پسند کرتے ہیں۔

کمپنی محدود تعداد میں صارفین کے ساتھ اس تجربے کو آزما رہی ہے، جبکہ آزمائشی صارفین کو روایتی فیس بک ڈیزائن پر واپس جانے کا آپشن بھی دیا جا رہا ہے۔

میٹا کے نئے تجربے میں فیس بک کی موجودہ نیوز فیڈ کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے ایپ کی نیوی گیشن میں ثانوی ٹیب کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔

فیس بک میں یہ ممکنہ تبدیلی اس لیے بھی اہم قرار دی جارہی ہے کہ فل اسکرین ویڈیو کا فارمیٹ ٹک ٹاک کی سب سے نمایاں خصوصیات میں شمار ہوتا ہے۔ ٹک ٹاک کھولتے ہی صارف کو فل اسکرین ویڈیو دکھائی دیتی ہے، جبکہ میٹا اب اسی طرز کے تجربے کو فیس بک کا حصہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button