مٹیاری: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس

مٹیاری (جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مٹیاری اقراء جنت کی صدارت میں دو اہم اجلاس منعقد ہوئے۔ جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور انسانی حقوق سے متعلق کمیٹی کے اجلاس شامل تھے۔
اجلاسوں میں ضلعی محکموں کے افسران کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اقلیتوں کے حقوق پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ای ڈی سی اقراء جنت نے کہا کہ ہر شہری کو پاکستان کے قانون، آئین اور دینِ اسلام کے مطابق اپنی مرضی سے زندگی گزارنے اور مذہبی آزادی کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین بھائی چارے، امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔
اجلاس کے دوران بچوں سے جبری مشقت اور بھیک منگوانے جیسے مسائل پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ خاص طور پر ان بچوں کے بارے میں جنہیں بھیک کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ان کو کس طرح بچایا جائے اور ریسکیو کرنے کے بعد انہیں کہاں رکھا جائے، اس حوالے سے ضلع مٹیاری میں شیلٹر ہوم (پناہ گاہ) کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ای ڈی سی اقراء جنت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پناہ گاہ قائم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ اجلاس میں کم عمری اور زبردستی کی شادیوں، زبردستی مذہب کی تبدیلی سمیت دیگر مسائل پر بھی غور کیا گیا۔



