مستونگ میں سیشن جج کی گاڑی پر حملہ، سیشن جج اور گن مین جاں بحق، ایڈیشنل سیشن جج زخمی


مستونگ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے ولی خان میں نامعلوم مسلح افراد نے سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او اللہ بخش بلوچ کے مطابق سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کوئٹہ سے مستونگ سیشن کورٹ جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ضروری کارروائی کے لیے منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق حملے کے فوراً بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔