مریم نواز سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، سکیورٹی، سرمایہ کاری اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں تعلیم کے فروغ، سکیورٹی، سرمایہ کاری، توانائی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اثاثوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان، بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ بہت پسند ہیں، پنجاب اور لاہور کے لوگ زندہ دل ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید وسعت دی جائے گی۔ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ترقی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریباً 10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں۔ مون سون کے دوران پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واساز کے قیام سے بارشی پانی کے جلد نکاس کو ممکن بنایا گیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب بدل رہا ہے اور صوبے کے شہر اور دیہات اصلاحات کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل کو محض علامتی رکھنے کے بجائے عملی شکل دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق خواتین کی آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک سکوٹی اور الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ خواتین کو مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔



