مریم نواز نے صاف پانی کی بوتلوں پر چارجز کی تجویز مسترد کر دی، گھر گھر مفت پانی فراہمی کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف پینے کے پانی کی بوتلوں پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس میں چار اضلاع میں جاری کلین ڈرنکنگ واٹر پائلٹ منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مریم نواز نے منصوبے کی روزانہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے بہاولپور، رحیم یار خان اور خوشاب کے ڈپٹی کمشنرز کو عوامی فیڈبیک لینے اور پانی کی روزانہ ضروریات کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر جاری ہے، جبکہ مزید 1,913 پلانٹس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ پائلٹ منصوبے کے تحت چار اضلاع میں 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے 1,886 منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس میں صوبے بھر میں 670 بوٹلنگ پلانٹس اور 4,020 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کرنے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ منصوبے کے تحت 335 پلانٹس سے روزانہ 5 ہزار لیٹر جبکہ مزید 335 پلانٹس سے روزانہ 10 ہزار لیٹر صاف پانی تیار کیا جا سکے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ "عوام کو ان کی دہلیز پر پینے کا صاف پانی پہنچانا میرا عزم ہے، صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے۔”
انہوں نے کہا کہ جہاں صاف پانی دستیاب نہیں وہاں ہر صورت بوتلوں میں بند پانی پہنچایا جائے گا۔ خواتین اور بزرگوں کو پانی کے لیے مشکلات برداشت کرتے دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صاف پانی کے کئی منصوبوں کا مکمل طور پر فعال نہ ہونا افسوسناک ہے، تاہم اب دور دراز علاقوں کے عوام کو پانی کے حصول کے لیے سخت موسم اور دشوار راستوں کی مشکلات برداشت نہیں کرنا پڑیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کلین ڈرنکنگ واٹر پراجیکٹ کے تحت روزانہ لاکھوں لیٹر پانی عزت و احترام کے ساتھ عوام کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے، کیونکہ صاف پانی صرف سہولت نہیں بلکہ عوام کی صحت، سکون اور وقار کی ضمانت ہے۔



