وزیراعلیٰ مریم نواز اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اہم ملاقات، بجٹ اجلاس اور سیاسی صورتحال پر مشاورت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی دو سالہ حکومتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے صوبے میں پہلی بار ضلعی اور تحصیل کی سطح پر الیکٹرک بسیں چلانے کے اقدام کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور مؤثر قانون سازی کے لیے اسپیکر ملک محمد احمد خان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد پنجاب کے ہر شہری تک ریلیف پہنچانا اور صوبے کو ترقی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن کرنا ہے، جبکہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ "ستھرا پنجاب” اور "اپنی چھت، اپنا گھر” جیسے منصوبوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے، جو صوبے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کی کارکردگی گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے عملی اقدامات سے نمایاں ہے۔

ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی توقعات کے مطابق صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button