نواز شریف بکا نہیں، جھکا نہیں، عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے محمد نواز شریف نے کبھی قومی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کیا، نواز شریف بکا نہیں، جھکا نہیں اور مجھے ایک عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر ہے۔
یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پوری پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاعِ وطن کا ایٹمی مشن مکمل کرنے والی ٹیم کے ہر فرد کو سلام پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف پاکستانی قوم ہی نہیں بلکہ پوری عالمِ اسلام کیلئے فخر کا دن ہے۔ پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے محمد نواز شریف کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کے مضبوط دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی ہو یا 28 مئی، پاکستانی قوم آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس طرح پاکستان کو دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنایا گیا، اب ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اتحاد، یکجہتی، محنت، برداشت اور رواداری کے عزم کو دہرانے پر بھی زور دیا۔



