ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے تعاون اربن کلچر میں مثبت تبدیلی کا باعث ہوگا،مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونسٹ نٹین لیمیٹوسکی نے ملاقات کی، جس میں بینک کی ڈائریکٹر جنرل ژاؤہونگ یانگ بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت جدید شہری انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور عوامی خدمات کی بہتری کیلئے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے AIIB کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کی باضابطہ پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کا ہدف حاصل کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے الیکٹرک بسوں، ای بائیک پروگرام، ویسٹ واٹر مینجمنٹ، سیوریج نظام کی بہتری اور بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسے منصوبوں کو پنجاب کی ترجیحات قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ AIIB سے تعاون اربن ڈیولپمنٹ، ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ میں بہتری کا باعث بنے گا، جبکہ پنجاب ڈیٹا بیسڈ پلاننگ اور اسمارٹ انفراسٹرکچر کی جانب بڑھ رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button