معاہدہ نہ کیا تو بھاری قیمت چکانا ہوگی، مارکو روبیو کی ایران کو سخت وارننگ

منیلا(ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک تہران اپنے طرزِ عمل میں تبدیلی نہیں لاتا، اسے ہر گزرتی رات کے ساتھ مزید بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران ہر گزرتی رات کے ساتھ زیادہ قیمت ادا کرے گا، جب تک وہ "ہوش کے ناخن” نہیں لیتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کر رہا ہے، تاہم بقول ان کے، تہران اب بھی کسی حتمی معاہدے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران معاہدہ نہیں کرتا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید الزام عائد کیا کہ ایران جب بھی کوئی معاہدہ کرتا ہے تو یا اسے توڑ دیتا ہے یا پھر اس کی شرائط تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
مارکو روبیو نے یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کو ایران نے گمراہ کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ حوثی کشیدگی میں کمی لانے کی سمت قدم بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ کا اہم اسٹریٹجک شراکت دار ہے، اس لیے اس کے ساتھ جوہری تعاون کا معاہدہ قابل فہم ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب یا کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدوں میں سخت حفاظتی اقدامات شامل ہوں گے اور ایسے معاہدوں کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری ضروری ہوگی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی و مشرقی ایشیائی سمندری علاقوں میں چین کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ روسی ہم منصب کے ساتھ ان کی اچھی اور کھلی بات چیت ہوئی ہے اور امریکہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔



