پاکستان کے ثالثی کردار پر بھارت کو اعتراض نہیں، ایران معاہدہ ممکن ہے، مارکو روبیو

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ایران تنازع میں ثالثی کردار پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔
بھارت کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بھارت کو اصل تشویش ان گروہوں پر ہے جو پاکستان کی سرزمین سے ان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں، تاہم ایران معاملے میں پاکستان کے کردار پر کوئی اختلاف سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر پیشرفت جاری ہے اور ایک “معقول اور محدود مدت کا ڈرافٹ” زیر غور ہے۔ خلیجی ممالک سمیت متعدد ریاستیں اس کوشش کی حمایت کر رہی ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق امریکا کسی “جلد بازی یا کمزور معاہدے” کے حق میں نہیں، صدر ٹرمپ بھی اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ صرف مضبوط اور قابل عمل معاہدہ ہی قبول کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کا امکان اب بھی موجود ہے، تاہم کسی بھی ڈیل میں اسرائیل کے دفاع کے حق کو تسلیم کیا جائے گا۔



