ایران جنگ: آئندہ چند گھنٹوں میں دنیا کو ’اچھی خبر‘ مل سکتی ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

نئی دہلی (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات میں آج اتوار کو اہم پیشرفت یا بڑے اعلان کا امکان موجود ہے، اور آئندہ چند گھنٹوں میں “اچھی خبر” سامنے آ سکتی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق مارکو روبیو نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم انہوں نے ممکنہ اعلان کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے کا بڑا حصہ طے پا چکا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کی بحالی اور بحری آمد و رفت کی آزادی جیسے نکات شامل ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق تہران امریکا کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہا ہے، تاہم بعض اہم امور پر مزید بات چیت جاری ہے۔

عالمی سطح پر بھی اس ممکنہ معاہدے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاہدہ تنازع کے خاتمے اور آزاد بحری گزرگاہ کی ضمانت پر مبنی ہونا چاہیے، جبکہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ضروری ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی خطے میں امن کے لیے مذاکراتی عمل کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ امریکا اور ایران مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی اسلام آباد میں ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button