سابق بھارتی آرمی چیف منوج نروانے نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کر دی

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کے سابق آرمی چیف منوج نروانے نے بھارتی انتہا پسند جماعت آر ایس ایس رہنما کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کر دی۔
بھارتی میڈیا کےمطابق سابق بھارتی آرمی چیف منوج نروانے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستی دوطرفہ تعلقات میں بہتری کا باعث بن سکتی ہے،دونوں طرف لوگوں کے مسائل ایک جیسے ہیں، ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔
اس کے علاوہ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ اب آر ایس ایس پاکستان کے ساتھ بات چیت، اچھے تعلقات، ویزوں، تجارت اور کرکٹ کی وکالت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے جنرل سیکرٹری کے بیان پر بھارتی حکومت کا ردعمل جاننے کی ضرورت ہے ۔
واضح رہے کہ آر ایس ایس نے پاکستان سے مذاکرات کا اشارہ دیا ہے، آر ایس ایس کے جنرل سیکرٹری دتاتیریا ہوسابالے نے کہا کہ بھارت کو ہمیشہ پاکستان سے مذاکرات کے لیے تیار رہنا چاہئے، دروازے بند نہیں کرنے چاہئے۔
آر ایس ایس کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ سفارتی تعلقات برقرار رکھنے کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ تجارت اور کاروبار جاری رکھے جاتے ہیں، ویزے جاری کیے جانے چاہئے، بھارت کو یہ سب بند نہیں کرنا چاہئے۔



