مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کی 31 سالہ بھتیجی کی پھندا لگی لاش برآمد

کولکتہ(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی کی 31 سالہ بھتیجی کی پھندا لگی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ہی موت کی حتمی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی لاش مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں واقع ان کے گھر سے یکم ستمبر کی دوپہر برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق خاتون گھر کی دوسری منزل پر واقع ایک کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
رپورٹس میں خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق وہ ممتا بینرجی کے کزن بھائی کی بیٹی تھیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق خاتون گزشتہ چند برس سے ڈپریشن کا سامنا کررہی تھیں۔ تاہم پولیس نے موت کی وجہ کے حوالے سے کسی حتمی نتیجے کا اعلان نہیں کیا اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
خاندان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خاتون سرکاری اسکولوں میں بھرتیوں سے متعلق ایک معاملے میں ملازمت سے بھی محروم ہوگئی تھیں۔ بھارتی سپریم کورٹ کے حکم کے بعد مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن سے متعلق بھرتیوں کے معاملے میں متعدد ملازمتوں پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
پولیس نے خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے دیگر مراحل مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ موت خودکشی تھی یا واقعے کے پیچھے کوئی اور وجہ موجود تھی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ممتا بینرجی کی جماعت ترنمول کانگریس اور مغربی بنگال کی سیاست میں سرکاری اسکولوں میں بھرتیوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ طویل عرصے سے زیر بحث رہا ہے۔



