میجر وجاہت وحید شہید کی لاہور میں جنازہ ادا، مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے علاقے پسنی میں دفاعِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید کو ان کے آبائی شہر لاہور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔
میجر وجاہت وحید شہید کی نمازِ جنازہ بحریہ ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی، جس میں گورنر پنجاب، کور کمانڈر لاہور، سینئر صوبائی وزرا، سول و ملٹری حکام اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسدِ خاکی کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر شہید کی وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
میجر وجاہت وحید شہید اپنے پسماندگان میں والدہ، بیوہ اور ایک معصوم بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ میجر وجاہت وحید شہید 18 اکتوبر کو گوادر کے علاقے پسنی میں ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں شہید ہوگئے تھے۔ ان کی شہادت پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور متعلقہ حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔



