وفاقی حکومت نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ملک کو گزشتہ روز ایل این جی گیس موصول ہو چکی ہے، جس کے بعد بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ لوڈ شیڈنگ کی بنیادی وجہ سسٹم کی خرابی نہیں بلکہ گیس کی کمی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ13اور14اپریل کو پانچ، پانچ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنا پڑی، جبکہ17،18اور19اپریل کو لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔ بعد ازاں19اپریل سے29اپریل تک لوڈ شیڈنگ کو کم کر کے دو سے ڈھائی گھنٹے تک محدود رکھا گیا۔

اویس لغاری نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف کے دور میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم چھ سال بعد دوبارہ اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ گیس کی فراہمی میں کمی اور عالمی حالات تھے۔انہوں نے وضاحت کی کہ اگر بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ڈیزل یا فرنس آئل استعمال کیا جاتا تو بجلی کی قیمت بہت زیادہ بڑھ جاتی اور اس کا بوجھ صارفین پر پڑتا۔وزیر توانائی نے بتایا کہ اس وقت پن بجلی کی پیداوار بڑھ کر تقریباً 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، جو پہلے صرف ایک ہزار میگاواٹ کے قریب تھی۔ تاہم ڈیمز سے پانی کے اخراج کا فیصلہ ارسا صوبوں کی ضروریات کے مطابق کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی حقیقی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تقریباً 32 ہزار میگاواٹ ہے، نہ کہ 46 ہزار میگاواٹ، اور یہ صلاحیت مختلف اوقات میں حالات کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button