لیسکوکا جلنے اور خراب ہونیوالے ٹرانسفارمرز کو بروقت تبدیل کرنے کیلئے بڑا فیصلہ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مون سون سیزن کے دوران جلنے یا خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی بروقت تبدیلی اور بجلی کی فوری بحالی کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 200 ایمرجنسی ٹرالی ٹرانسفارمرز خریدنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو انتظامیہ نے ایمرجنسی ٹرالی ٹرانسفارمرز کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ ٹرانسفارمرز مختلف سب ڈویژنز کے حوالے کیے جائیں گے تاکہ بارش یا دیگر وجوہات سے خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی جگہ فوری طور پر عارضی ٹرانسفارمر نصب کیا جا سکے۔
منصوبے کے تحت اگر کسی علاقے کا ٹرانسفارمر جل جاتا ہے تو ٹرالی ٹرانسفارمر نصب کر کے فوری طور پر بجلی بحال کر دی جائے گی، جبکہ مستقل ٹرانسفارمر کی مرمت یا تنصیب مکمل ہونے کے بعد عارضی ٹرالی ٹرانسفارمر ہٹا لیا جائے گا۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مون سون کے دوران بجلی کی طویل بندش میں نمایاں کمی آئے گی اور صارفین کو بروقت بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔