کابینہ کمیٹی کی قانون سازی سے متعلق اہم فیصلے، مختلف قوانین میں ترامیم کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف قانونی و انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے وزارتوں کو مختلف معاملات میں ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے ایف آئی اے ایکٹ 1974، پاکستان پینل کوڈ 1860 اور ضابطۂ فوجداری 1898 میں مجوزہ ترامیم کو ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے سے مشروط کرتے ہوئے منظوری دے دی۔

اسی طرح سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں مجوزہ ترامیم کی بھی ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے سے مشروط منظوری دی گئی۔

اجلاس میں امیگریشن رولز 1979 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری بھی دے دی گئی، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2026 کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔

کمیٹی نے نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے تحت اوورلوڈنگ پر جرمانوں میں اضافے کی تجویز بھی واپس لینے کی منظوری دے دی۔

مزید خبریں

Back to top button