لاہور ٹریفک پولیس کی یونیفارم ایک سال بھی نہ چل سکی، دوبارہ تبدیل کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی تبدیل کی گئی یونیفارم ایک سال بھی برقرار نہ رہ سکی، جبکہ محکمہ پولیس نے اسے دوبارہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار اب سفید شرٹ اور نیلی پینٹ کی بجائے دوبارہ بلش گرے (Blush Grey) رنگ کی یونیفارم پہنیں گے، جو اس سے قبل بھی ٹریفک وارڈنز کی شناخت رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اطہر وحید کے دور میں ٹریفک وارڈنز کی یونیفارم تبدیل کی گئی تھی، جس کے لیے ہر اہلکار کو 5 ہزار روپے فراہم کیے گئے تھے۔
یونیفارم کی دوبارہ تبدیلی کے حوالے سے ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ کی زیرِ صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں اے آئی جی لاجسٹکس، ایس پی آر ایم پی اور ایس پی پی ایچ پی نے شرکت کی اور مجوزہ تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) کی موجودہ یونیفارم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور اس کا موجودہ پیٹرن برقرار رہے گا، جبکہ متعلقہ یونٹ کے تمام افسران اور اہلکاروں کو ایک ہی طرز کی یونیفارم فراہم کی جائے گی۔



