لاہور میں داماد کی فائرنگ، بیوی سمیت چار سسرالی رشتہ دار قتل، ملزم نے خودکشی کرلی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) چوہنگ کے علاقے برکت کالونی میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ سمیت چار سسرالی رشتہ داروں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق 25 سالہ عمران شوکت کا تقریباً چھ ماہ قبل سمیعہ سے نکاح ہوا تھا۔ گھریلو ناچاقی کے باعث سمیعہ اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی، جبکہ عمران اسے واپس اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا۔

حکام کے مطابق عمران آج صبح سمیعہ کے والدین کے گھر پہنچا اور اسے اپنے ساتھ چلنے کا کہا۔ مبینہ طور پر انکار پر ملزم نے سمیعہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے بعد ازاں اپنے سسر علی خان، ساس شمائلہ اور برادرِ نسبتی ذیشان کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

واقعے کے بعد عمران شوکت نے خود کو بھی گولی مار لی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام لاشوں کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ کی اصل وجوہات جاننے کے لیے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button