لاہور میٹرو بس سروس کی بندش کا خطرہ ٹل گیا، ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں مذاکرات جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور میٹرو بس سروس کی ممکنہ بندش کا خطرہ وقتی طور پر ٹل گیا، آپریٹر کمپنی ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان سروس جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔

حکام کے مطابق لاہور میں میٹرو بس سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی اور شہریوں کو سفری سہولت کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آئے گا، جبکہ ویڈا کے مالی اور دیگر مطالبات کے حل کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

جنرل منیجر آپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ نے بتایا کہ ویڈا کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دونوں فریق معاملات کو باہمی اتفاقِ رائے سے حل کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ فی الحال میٹرو بس سروس کی بندش کا کوئی خدشہ نہیں، سروس بدستور جاری رہے گی۔ ویڈا کے مالی معاملات سمیت دیگر مطالبات پر بھی تفصیلی مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ مسئلے کا قابلِ عمل اور مستقل حل نکالا جا سکے۔

حکام کے مطابق ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے، جن میں کمپنی کے مطالبات اور مالی معاملات کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ویڈا کی جانب سے مالی معاملات اور فنڈز کی فراہمی سے متعلق تحفظات کے باعث لاہور میٹرو بس سروس کی بندش کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی تھی۔

تاہم دونوں فریقوں کے درمیان سروس جاری رکھنے پر اتفاق کے بعد فوری طور پر بندش کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ویڈا کے مطالبات حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لاہور کے شہریوں کو بلاتعطل اور بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button