لاہور ہائیکورٹ کا بڑا حکم، ایل پی جی پر اضافی پریمیم کی وصولی فوری روکنے کا حکم، اوگرا اور کمپنیوں کو نوٹس

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے ایل پی جی کمپنیوں کی جانب سے اضافی پریمیم کی وصولی کے خلاف اہم حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے اس عمل کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور تمام لائسنس یافتہ ایل پی جی کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لاہور ہائیکورٹ بار کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 40 سے زائد ایل پی جی کمپنیاں مارکیٹنگ کمپنیوں سے اضافی پریمیم کے نام پر غیر قانونی وصولیاں کر رہی ہیں، جو قانون اور ضابطوں کے منافی ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اضافی پریمیم کی مد میں وصول کی جانے والی رقم کا بوجھ بالآخر عام صارفین پر منتقل کیا جاتا ہے، جس کے باعث شہری مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایل پی جی عام شہری کی بنیادی ضرورت ہے اور اسے کمپنیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ عدالت نے واضح کیا کہ صارفین کے حقوق اور مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
لاہور ہائیکورٹ نے اوگرا اور متعلقہ ایل پی جی کمپنیوں سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک اضافی پریمیم کی وصولی پر حکمِ امتناعی برقرار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔



