لاہور ہائیکورٹ سے روڈا کو بڑا ریلیف، زمین کے معاوضے سے متعلق درخواستیں خارج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کو اہم قانونی ریلیف دیتے ہوئے زمین کے معاوضے سے متعلق دائر تین درخواستیں خارج کر دیں اور ایکوزیشن ریفرنس کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔
جسٹس راحیل کامران نے سائل طیب نور وڑائچ سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پہلے سے حاصل کی گئی اور جس کا معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے، ایسی زمین پر روڈا کو ترقیاتی کام کرنے سے نہیں روکا گیا۔
سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے، جنہوں نے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سپریم کورٹ کے عبوری حکم میں زیرِ التوا ایکوزیشن ریفرنس کی کارروائی روکنے کی کوئی ہدایت موجود نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے سینئر سول جج اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے سابقہ فیصلوں کو بھی درست قرار دیتے ہوئے درخواستیں خارج کر دیں، جس کے بعد روڈا کے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں ایک اہم قانونی رکاوٹ دور ہو گئی۔



