کویت ایئرپورٹ حملہ ایرانی نہیں، پیٹریاٹ دفاعی نظام کی خرابی تھی، پاسداران انقلاب

کویت سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل کو ہونے والا نقصان ایرانی حملے کے بجائے امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کی خرابی کے باعث پیش آیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ ایک پیٹریاٹ میزائل ایرانی میزائل کو روکنے میں ناکام رہا اور واپس آ کر ایئرپورٹ کے ٹرمینل سے ٹکرا گیا، جس سے شدید جانی و مالی نقصان ہوا۔
ترجمان کے مطابق واقعہ ایرانی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا، تاہم کویت نے تاحال اس دعوے پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ کویتی حکام اور متعدد بین الاقوامی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کویت ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کو ایرانی ڈرونز اور میزائل حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور فضائی آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق حملوں میں کم از کم ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔



