اوکاڑہ: کسان اتحاد اور لیسکو حکام کا اہم اجلاس، اووربلنگ اور میٹر تبدیلی کے مسائل کے حل کی یقین دہانی

اوکاڑہ (رپورٹ: وحیدآرائیں\جانوڈاٹ پی کے) کسان اتحاد رجسٹرڈ کے وفود اور لیسکو حکام کے درمیان اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کسانوں کو درپیش بجلی سے متعلق مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں کسان اتحاد رجسٹرڈ کی نمائندگی مرکزی چیئرمین چوہدری خالد حسین باٹھ اور خالد کھوکھر گروپ نے کی جبکہ لیسکو اوکاڑہ کے ایس ای سید قربان شاہ، مختلف سرکلز کے ایکسینز، ایس ڈی اوز اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں میٹروں کی تبدیلی میں تاخیر، نچلے عملے کی مبینہ مداخلت اور اووربلنگ جیسے اہم مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ میٹروں کی بروقت تبدیلی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس عمل میں کسی قسم کے اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔
مزید طے پایا کہ پرانے ڈیٹیکشن کیسز اور اووربلنگ سے متعلق فائلیں ہر ہفتے مخصوص دن پر ایکسین دفاتر میں نمٹائی جائیں گی تاکہ متاثرہ کسانوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں کسان رہنما ملک یاسین جھجھ نے اووربلنگ سے متعلق شواہد بھی پیش کیے، جس پر حکام نے فوری طور پر انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔
حکام نے یقین دہانی کرائی کہ تمام شکایات کا جائزہ لے کر انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جبکہ ایس ای لیسکو نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ان معاملات کی نگرانی کریں گے۔



