نئے صوبوں کے مطالبے پر ایم کیو ایم کا سڑکوں پر آنے کا اعلان، خالد مقبول صدیقی نے ریلی کی کال دے دی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کو عملی شکل دینے کے لیے سڑکوں پر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوانوں اور سیاسی فورمز پر مؤقف پیش کرنے کے بعد اب سڑکوں پر طاقت دکھانے کا وقت آگیا ہے۔

نیو کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے ضلع وسطی میں احتجاج اور ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے اتوار دن کے وقت کراچی کی سڑکوں پر ریلی نکالی جائے گی۔

ایم کیو ایم کے چیئرمین نے واضح کیا کہ ان کی جماعت صرف کراچی کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ نہیں کر رہی بلکہ پورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی خواہاں ہے۔ لاہور، پشاور، ملتان، لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے صوبوں کی بات کی جائے گی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ کسی فرد، سیاسی جماعت یا وزارت سے زیادہ اہم ہے۔ وزارتیں، ایم پی اے اور ایم این اے کی نشستیں ہماری طاقت نہیں، ہماری طاقت عوام اور سڑکیں ہیں اور اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایوان میں بھی اپنا مؤقف پیش کرچکی اور سیاسی فورمز پر بھی بات کرلی، اب سڑکوں پر نکلنے کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اختیارات کا مطالبہ اب واپس لیتے ہیں، پہلے صوبہ لیں گے اور اس کے بعد اپنا بلدیاتی قانون خود بنائیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان کو کسی صورت تقسیم نہیں کیا جاسکتا، تاہم صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ممکن ہے۔ ان کے مطابق صوبوں کی تقسیم کو غداری قرار دینے والے خود سب سے بڑے غدار ہیں۔

انہوں نے خواتین کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ قدم آگے بڑھائیں، ایم کیو ایم ان کے ساتھ ہے، اگلے اتوار کراچی کی سڑکوں پر نکل کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی کشور زہرا نے کہا کہ مہاجر ہونا ان کے لیے باعث فخر ہے اور نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، اس لیے نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

سینئر رہنما نسرین جلیل نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ایم کیو ایم کے منشور کا حصہ اور ایک دیرینہ مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسے لوگ بھی نئے صوبوں کی بات کر رہے ہیں جن کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں۔

خواتین کنونشن میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے نئے صوبوں کے مطالبے کو ایک بار پھر اجاگر کرتے ہوئے کارکنان اور خواتین سے آئندہ اتوار ہونے والی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

مزید خبریں

Back to top button