سانحہ گل پلازہ: پولیس نے تنویر پاستا اور ساتھیوں کو ذمے دار قراردیدیا
پولیس نے چالان پیش کردیا تاہم پراسیکیوشن نے تفتیش کو ناکافی قرار دیتے ہوئے چالان واپس کردیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سانحہ گل پلازہ کیس میں پولیس نے تنویر پاستا اور اس کے ساتھیوں کو سانحے کا ذمے دار قرار دے دیا اور چالان پیش کردیا۔مقدمے کے چالان میں تنویر پاستا، حذیفہ عمار اسماعیل،امین،محمدرمضان اورنعمت اللہ کو ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔
ملزم تنویر پاستا یونین صدر، عمار اسماعیل نائب صدر، امین جنرل سیکریٹری، محمد رمضان جوائنٹ سیکریٹری ہیں جبکہ نعمت اللہ آگ لگنے والی دکان کا مالک ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن نے پولیس کا پیش کردہ چالان اعتراضات لگا کر واپس کردیا اور پولیس کی تفتیش کو ناکافی قرار دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن نے چالان کے ساتھ انکوائری کمیشن کی رپورٹ منسلک کرنے کا کہا ہے، ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ گل پلازہ کے اردگرد کی بلڈنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شامل کی جائیں، پولیس نے پھولوں کی دکان کے اردگرد سے کسی چشم دید گواہ کو ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کی۔



