کینیا میں سیاحوں کا ہیلی کاپٹر تباہ، 5 امریکیوں سمیت 7 افراد ہلاک

نیروبی(ویب ڈیسک) کینیا میں سیاحوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5 امریکی شہریوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایکواڈور کے نیشنل انٹیلی جنس سینٹر کے سربراہ مشیل سینسی کونٹیوگی اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر سامبورو کاؤنٹی میں ماؤنٹ اولولوکوی کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ طیارہ لوئیسابا وائلڈ لائف کنزروینسی سے ایواسو نیرو کے علاقے کی جانب سیاحتی پرواز پر تھا اور اس میں 6 مسافر اور پائلٹ سمیت 7 افراد سوار تھے۔
حکام کے مطابق حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔ جائے حادثہ دشوار گزار علاقے میں واقع ہونے اور آگ لگنے کے باعث امدادی اور ریکوری کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے 5 امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیروبی میں امریکی سفارتخانہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندانوں کو قونصلر معاونت فراہم کر رہا ہے۔
کینیا کی ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔



