یومِ استحصالِ کشمیر: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا کشمیریوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بعد بھارتی حکومت کے اقدامات سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی جبر میں اضافہ ہوا، تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے، استقامت اور آزادی کی جدوجہد میں کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سب سے اہم اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، جس کا پائیدار حل طاقت کے استعمال یا یکطرفہ اقدامات سے نہیں بلکہ انصاف پر مبنی اور پرامن طریقہ کار سے ممکن ہے۔
وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے بلکہ تنازع کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔



