پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں۔ 13 جولائی 1931 کو ڈوگرا فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 22 کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

13 جولائی 1931 کا واقعہ تحریکِ کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم باب سمجھا جاتا ہے۔ اس روز عبدالقدیر نامی کشمیری کے مقدمے کی سماعت کے دوران جیل کے باہر موجود ہزاروں افراد میں سے ایک نوجوان نے اذان شروع کی، جسے ڈوگرا فوج نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ اذان کو مکمل کرنے کے لیے ایک کے بعد ایک نوجوان آگے بڑھتا رہا اور مجموعی طور پر 22 افراد جان کی قربانی دے گئے۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ دن قربانی، عزم اور جدوجہد کی علامت ہے، جبکہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری ہر سال 13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے طور پر مناتے ہیں اور قربانیوں کی تاریخ کو یاد کرتے ہیں۔

حریت رہنما منظور احمد شاہ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بڑی تعداد میں کشمیری جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ ہزاروں افراد قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button