کراچی کارگو طیارہ حادثہ، سمندر سے مزید ملبہ برآمد، بلیک باکس اور لاپتا عملے کی تلاش جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے قریب نجی کارگو طیارے کے حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور سمندر سے جہاز کا مزید ملبہ برآمد کر لیا گیا۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بلیک باکس اور عملے کے پانچوں لاپتا ارکان کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری وسائل بھرپور انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایاکہ برآمد ہونے والا ملبہ مزید تکنیکی اور فارنزک تجزیے کے لیے بیورو آف ائیرکرافٹ سیفٹی انویسٹیگیشن کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق تاحال طیارے کے بلیک باکس اور عملے کے پانچوں لاپتا ارکان کی تلاش جاری ہے، اس مقصد کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

ترجمان پی اے اے کے مطابق گہرے سمندر میں جدید فضائی اور بحری وسائل کی مدد سے وسیع پیمانے پر تلاش کا عمل جاری ہے، تاکہ بلیک باکس اور لاپتا عملے کا سراغ لگایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں مسلسل مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تحقیقات بھی بیک وقت آگے بڑھ رہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق جیسے ہی کوئی اہم پیش رفت سامنے آئے گی، عوام اور میڈیا کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button