کراچی: میٹرک امتحانات میں نقل مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میٹرک بورڈ امتحانات میں نقل مافیا کیخلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پیپر لیک کے دھندے میں ملوث چار گینگز کے سرغنہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سی آئی اے پولیس کے مطابق ملزمان کو ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور گلشن سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں مبین خان، اسامہ، بلال اور عبدالرزاق شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گروہ سرغنہ مبین خان کے 13 گروپس میں 13 ہزار طالبعلم ممبرز ہیں، جبکہ وہ خود سندھ مدرستہ الاسلام میں سائبر سکیورٹی فائنل کا طالبعلم ہے، گرفتار دیگر ملزمان میں انٹر کا طالبعلم بھی شامل ہے۔

تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان طالبعلموں سے پیپر لیک کے بدلے لاکھوں روپے وصول کر چکے ہیں، ملزمان ایک رات پہلے پیپر لیک ہونے کی گارنٹی دے کر پیسے لیتے تھے، جبکہ مختلف آن لائن بینکنگ چینلز سے پیسوں کی وصولی کی جاتی تھی۔

دوسری جانب نقل مافیا نے نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے امتحانی مراکز کے بجائے طلبہ کو گھروں میں پرچے حل کروانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جبکہ امتحانی مراکز کے قریب خفیہ مقامات پر بھی یہ دھندا جاری ہے۔

پولیس کے مطابق نقل کے عوض بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہے اور ایک طالبعلم سے مبینہ طور پر 40 ہزار روپے تک لیے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button