ڈرگ کوئین انمول پنکی کیس میں بڑا انکشاف، مزید 7 قریبی ساتھی مفرور قرار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)منشیات فروشی کے ہائی پروفائل مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اس کے مزید 7 قریبی ساتھیوں کے نام منظرعام پر آ گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جمع کرائی گئی نئی تفتیشی رپورٹ کے مطابق منشیات کے نیٹ ورک میں ملوث مزید سات افراد کو باقاعدہ مفرور قرار دے دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کو 12 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اس کی نشاندہی پر تین اہم سہولت کاروں ذیشان، سہیل اور سمیر کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مفرور خواتین سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں اور تفتیشی عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ منشیات کے اس مبینہ نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔
کیس کی مزید سماعت کے دوران تفتیشی ادارے عدالت کو نئی پیش رفت سے آگاہ کرتے رہیں گے۔



