سوشل میڈیا سٹار کتا اغوا، معمولی رقم میں بیچ کر کھا لیا گیا

بیجنگ (ویب ڈیسک)چین میں سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز رکھنے والے ایک مشہور کتے “چوٹو” کے اغوا اور مبینہ ہلاکت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بارڈر کولی نسل کے اس کتے کے مالک نے بتایا کہ وہ بیرونِ ملک سفر پر تھے جبکہ کتا ان کے والدین کی نگرانی میں تھا۔ اسی دوران 11 مئی کو کتا گھر سے غائب ہو گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو نامعلوم افراد کو الیکٹرک اسکوٹر پر آ کر کتے کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ بعد ازاں مالک نے دعویٰ کیا کہ دو ہفتوں کی تلاش کے بعد ایک مشتبہ شخص تک رسائی ملی جس نے اعتراف کیا کہ کتے کو تقریباً 27 ڈالر میں ایک ریسٹورنٹ کو فروخت کیا گیا، جہاں مبینہ طور پر اسے ذبح کر دیا گیا۔
مالک کے مطابق کتے کے پاس کالر اور جی پی ایس ٹریکر موجود تھا، اس لیے اسے آوارہ قرار دینا درست نہیں تھا۔ واقعے نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے اور صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ کتے کے مالک انصاف کے حصول کا مطالبہ کر رہے ہیں۔



