جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی کیخلاف کل لاہور میں جلسے کا اعلان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے خلاف 25 ستمبر کو لاہور میں جلسہ عام کیا جائے گا، جس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر لانگ مارچ اکتوبر تک مؤخر کیا گیا ہے، تاہم ملتان سے لاہور اور پھر اسلام آباد تک مارچ کی تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکی ہیں جبکہ پیٹرولیم لیوی نے بھی عوام پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی بیشی ہوسکتی ہے لیکن 107 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی قابل قبول نہیں۔
لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، آئی پی پیز سے ہونے والی بچت عوام کو منتقل کی جائے اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لائی جائے۔
ان کے مطابق جماعت اسلامی نے معاشی بہتری کے لیے پالیسی ریٹ 9 فیصد تک لانے سمیت 6 تجاویز حکومت کو پیش کی ہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کے بعد حکومت نے 10 آئی پی پیز کے خاتمے جبکہ مزید 21 کے معاملات آخری مرحلے میں پہنچنے کی تصدیق کی ہے، جس سے معیشت پر دباؤ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے اور اسلام آباد حکمرانوں کی جاگیر نہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں، خصوصاً خواتین کی گرفتاریوں کو انسانی حقوق کا معاملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے۔



