ایران پرحملوں سے متعلق امریکی قیادت میں اختلافات،جے ڈی وینس اورعسکری حکام کے خدشات سامنے آگئے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دینے کے ممکنہ نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ خدشات ایسے وقت میں سامنے آئے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیوں پر غور کر رہے تھے۔جمعے کو ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جنرل ڈین کین نے صدر ٹرمپ کو بریفنگ دیتے ہوئے ممکنہ فوجی کارروائیوں کے نتائج اور خطرات سے آگاہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق جنرل ڈین کین نے خاص طور پر امریکی اسلحے کے ذخائر،طویل جنگ کے ممکنہ اثرات اور دیگر عسکری چیلنجز پر تشویش ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ امریکی فوج صدر کے احکامات پر عمل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، تاہم ہر فوجی آپشن کے ممکنہ نتائج کو بھی مدنظر رکھناضروری ہے۔ذرائع کے مطابق اسلحے کے ذخائر سے متعلق خدشات ان متعدد نکات میں شامل تھے جو اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ کے سامنے پیش کیے گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے والے فضائی حملوں کے بعد فی الحال ایران پر بمباری کا سلسلہ روک دیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ فیصلہ مستقل نوعیت کا ہے یا مستقبل میں دوبارہ حملے کیے جا سکتے ہیں۔



