اسرائیل اور یونان کے درمیان 3.5 ارب ڈالر کا بڑا دفاعی معاہدہ طے، ’ایکیلیز شیلڈ‘ تیار ہوگا


تل ابیب(ویب ڈیسک) اسرائیل اور یونان نے 3 ارب یورو (تقریباً 3.5 ارب ڈالر) کے بڑے دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت اسرائیل یونان کے لیے جدید کثیر سطحی فضائی دفاعی نظام تیار کرے گا۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا دفاعی معاہدہ قرار دیا گیا ہے۔
اس معاہدے کو ’ایکیلیز شیلڈ‘ (Achilles Shield) کا نام دیا گیا ہے، جس میں بیلسٹک میزائلوں، فضائی خطرات اور ڈرونز کے خلاف دفاع کے لیے David’s Sling، SPYDER اور BARAK MX سمیت جدید نظام شامل ہوں گے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق معاہدے میں ملٹی مشن ریڈارز اور ایک نیا قومی کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام بھی شامل ہے، جبکہ ڈرونز کے خلاف دفاع کے لیے الگ سے 26 ملین یورو کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔
یونان اپنی مسلح افواج کی جدید کاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور تقریباً 3.5 فیصد جی ڈی پی دفاع پر خرچ کرتا ہے۔ ترکیہ کے ساتھ دیرینہ کشیدگی بھی یونان کے نسبتاً بلند دفاعی اخراجات کی ایک بڑی وجہ ہے۔