اسلام کوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے3افراد جاں بحق،3زخمی

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تحصیل اسلام کوٹ میں جاری بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق گاؤں گڑھو کاچیلا کے قریب چند مزدور ٹریکٹر کے ذریعے کھیتی کا کام مکمل کرنے کے بعد بارش سے بچنے کے لیے جھار کے درخت کے نیچے بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔
واقعے میں تاج محمد شاہ، ساجن میگھواڑ اور کمسن بچہ امرت میگھواڑ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ راجیش میگھواڑ، تیرتھ میگھواڑ اور عمر اوٹھو زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال اسلام کوٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے دو زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سول اسپتال مٹھی ریفر کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر اور بہتر بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت جار کے درخت کے نیچے مجموعی طور پر 13 افراد بارش سے بچنے کے لیے موجود تھے، اسی دوران آسمانی بجلی براہِ راست درخت پر گری، جس سے جانی نقصان ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ جاں بحق افراد کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔



