بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا


اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف دائر درخواستوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سماعت کے دوران وفاقی حکومت، قومی احتساب بیورو (نیب) اور ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواستیں ناقابلِ سماعت ہیں، لہٰذا انہیں مسترد کیا جائے۔
سماعت کے دوران جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ عدالت پہلے یہ طے کرے گی کہ درخواستیں قابلِ سماعت ہیں یا نہیں۔ اگر درخواستیں قابلِ سماعت قرار پاتی ہیں تو اس کے بعد ہی متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست گزار کے وکیل سلمان صفدر سے مکالمے میں کہا کہ اگر یہی بینچ آئندہ سماعت کرے تو کیس اگست کے پہلے ہفتے میں مقرر کیا جا سکتا ہے۔
تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔