بات چیت ابھی جاری ہے،امریکا کیساتھ معاہدہ طے نہیں پایا،ایرانی وزیر خارجہ

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران نے امریکی صدر کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ ممکنہ معاہدے کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور مذاکرات بدستور جاری ہیں۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ امریکا کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت ابھی مکمل طور پر طے نہیں پائی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان رابطے برقرار ہیں، بات چیت جاری ہے لیکن ابھی کئی معاملات پر اتفاق ہونا باقی ہے۔ایرانی ترجمان اسماعیل بقائی یہ بھی واضح کرچکے ہیں کہ آبنائے ہرمز کے مستقبل اور اس میں جہاز رانی کے انتظام کا انحصار ایران اور عمان پر ہوگا کیونکہ ان دونوں کے پاس آبنائے ہرمز کو چلانے کا مشترکہ منصوبہ موجود ہے۔



