پاکستانی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں ایک کروڑ ایرانی ریال کا بنڈل 8 ہزار سے 10 ہزار پاکستانی روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے کرنسی ڈیلرز کے مطابق مقامی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کے باعث اس کی قیمت بین الاقوامی ریٹ سے کہیں زیادہ سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ایک ہزار پاکستانی روپے کے بدلے تقریباً 10 لاکھ ایرانی ریال حاصل کیے جا رہے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کار اس امید پر ریال خرید رہے ہیں کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ سفارتی پیشرفت یا پابندیوں میں نرمی کی صورت میں ایرانی کرنسی کی عالمی قدر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں غیر رسمی تجارت، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت میں نقد ریال کی ضرورت بھی طلب بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔
کرنسی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی ریال عالمی سطح پر غیر مستحکم کرنسی ہے، اس لیے خریدار جعلی نوٹوں اور ممکنہ نقصان سے بچنے کیلئے صرف رجسٹرڈ ایکسچینج کمپنیوں سے لین دین کریں۔



