امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو خلیج کی توانائی تنصیبات نشانہ بنیں گی، ایران کی سخت وارننگ


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے اس کے خلاف کوئی نئی فوجی کارروائی کی گئی تو خلیج بھر میں توانائی کی اہم تنصیبات، آئل فیلڈز، ریفائنریوں، بجلی و پانی کے نظام، ٹرانسپورٹ نیٹ ورک اور امریکی مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے یہ سخت پیغام خلیجی ممالک تک پہنچاتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نئے امریکی حملے کی صورت میں جواب صرف ایران تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے خطے میں دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیغام ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ کے وزرائے خارجہ اور پاکستانی حکام سے رابطوں کے دوران پہنچایا۔
ایران نے خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے باز رکھنے اور تنازع کے سفارتی حل کی حمایت کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
تہران نے واضح کیا کہ اگر اس کے بنیادی ڈھانچے یا اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا ردعمل پورے خطے میں محسوس کیا جائے گا۔