امریکا دوبارہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے تیار ہو گیا، ایرانی نائب وزیر خارجہ


تہران(ویب ڈیسک) ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان نئے عارضی بحری راستے کے قیام پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں نئے عارضی بحری راستے کے قیام کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ نیا راستہ زیادہ تر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا، جبکہ منصوبے پر عمل درآمد کے بعد موجودہ عارضی بحری راستے بند کر دیے جائیں گے۔
کاظم غریب آبادی کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کو امریکی وعدوں کی تکمیل سے مشروط کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایران اور عمان کے درمیان گزشتہ تین ہفتوں سے مسلسل مذاکرات جاری تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے ایسے اشارے موصول ہوئے ہیں کہ وہ اپنے سابقہ وعدوں پر دوبارہ عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان ہونے والے اس اہم معاہدے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان بھی آئندہ چند روز میں ایک اہم ڈیل طے پانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔