اقرار الحسن نے عمران خان سے معافی مانگ لی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اور معروف اینکر پرسن اقرار الحسن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کے اہلخانہ اور مداحوں سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو پیغام میں اقرار الحسن نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، برداشت اور اپنے رویوں پر غور کرنے کا درس دیتی ہے، مگر ہم اکثر اپنی زندگی میں ایسی باتیں کر جاتے ہیں جنہیں دل سے درست نہیں سمجھتے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں انہوں نے عمران خان کی ذاتی زندگی اور بعض فیصلوں پر تنقید کی، جو سیاسی اختلاف کے باوجود نہیں کرنی چاہیے تھی۔

اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ بطور مداح انہیں عمران خان کے کچھ فیصلوں سے مایوسی ضرور ہوئی، لیکن ضمیر یہ کہتا ہے کہ ذاتی معاملات پر گفتگو مناسب نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج عید قرباں کے موقع پر وہ اپنی انا قربان کرتے ہوئے عمران خان، ان کے خاندان اور مداحوں سے معافی مانگتے ہیں، اور خواہش رکھتے ہیں کہ عمران خان کی رہائی کے بعد ان سے ملاقات کر کے بالمشافہ معذرت بھی کریں۔

اقرار الحسن نے مزید کہا کہ جب تک عمران خان جیل میں ہیں، ان پر تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کارکنوں سے بھی اپنے رویوں پر نظرثانی کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران ان کی فیملی کو شدید تنقید اور سوشل میڈیا مہمات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے صبر سے کام لیا اور اب وہ ذاتی انا سے بالاتر ہو کر پاکستان اور عوام کے مفاد کی بات کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button