سندھ کے سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کی فہرست جاری، طلبہ 31 جولائی تک داخلہ کنفرم کریں


کراچی(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ کالجز سندھ نے سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے، جبکہ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر اپنا داخلہ کنفرم کریں۔
محکمہ کالجز کے مطابق پسندیدہ کالج میں داخلہ میرٹ کی بنیاد پر دیا جائے گا اور تمام امیدواروں کو مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل کالجز کے مطابق سندھ بھر سے انٹرمیڈیٹ داخلوں کے لیے 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں کراچی سے 98 ہزار 646 طلبہ نے درخواستیں جمع کرائیں، جو سب سے زیادہ تعداد ہے۔
محکمہ کالجز سندھ نے تمام منتخب طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 جولائی تک اپنا داخلہ کنفرم کر لیں تاکہ داخلوں کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔
حکام نے کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک داخلہ کنفرم نہ کرنے کی صورت میں امیدوار اپنی نشست سے محروم ہو سکتے ہیں اور بعد کے مراحل میں میرٹ کے مطابق دیگر طلبہ کو موقع دیا جا سکتا ہے۔