مہنگائی کا نیا جھٹکا! گھی اور آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مہنگائی کے اثرات برقرار ہیں، جس کے باعث ہول سیل مارکیٹ میں گھی اور آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کریانہ مرچنٹس کے مطابق درجہ اول کے گھی اور آئل کی فی کلو قیمت میں 30 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 560 روپے سے بڑھ کر 590 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
اسی طرح درجہ دوم کا آئل 35 روپے مہنگا ہو کر 510 روپے سے بڑھ کر 545 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں 25 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 535 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ مسلسل قیمتوں میں اضافے کے باعث عام شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ رہا ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی اب پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں کمی، سپلائی چین کے مسائل اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اس مہنگائی کی بڑی وجوہات ہیں۔



