آٹا اور چاول کی قیمتوں کو پر لگ گئے

کراچی (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کراچی میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں 50 کلو آٹے کے تھیلے اور مختلف اقسام کے چاول مزید مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ چاول کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگر مارکیٹ کے موجودہ حالات برقرار رہے تو آئندہ دنوں میں آٹا، چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔



