ماتلی میں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پربھارت کیخلاف پیپلز پارٹی کی احتجاجی ریلی

ماتلی (اے۔ایم۔گدی) بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکیوں کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے ماتلی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بس اسٹاپ چوک اور پریس کلب کے سامنے پہنچی، جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی اور احتجاجی مظاہرے میں پیپلز پارٹی ضلع بدین کے صدر علی اصغر ہالیپوتو، ماتلی تعلقہ کے صدر محمد صالح ہالیپوتو، تعلقہ جنرل سیکریٹری میر حاجن ٹالپر سمیت پیپلز پارٹی کے مرد و خواتین کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرکے دنیا کے سامنے خود کو بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مسلسل پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں، جن پر اب عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوگا، تاہم سندھ کا بچہ بچہ بھارت کی اس مبینہ خلاف ورزی کے خلاف متحد ہوکر کھڑا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا#



