ٹھٹہ: سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی کی بھارت کیخلاف احتجاجی ریلی

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آج ٹھٹھہ میں بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی دہشت گردی کے خلاف "مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں” کے عنوان سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت پ پ پ ضلع ٹھٹھہ کے سابق صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عبدالواحد سومرو، ضلعی جنرل سیکریٹری امتیاز قریشی، تعلقہ صدر عبدالحمید سومرو نے کی ریلی میں مختلف یونین کونسلوں کے عہدیداران، منتخب نمائندگان، کارکنان، نوجوانوں اور کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی
شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ اور سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے "مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں” سمیت مختلف نعرے لگائے اور سندھ کے پانی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رھنمائوں نے کہا کہ دریائے سندھ کے لوگوں کی زندگی، زراعت اور معیشت کی بنیاد ہے۔ اس کے پانی پر کسی قسم کی زیادتی یا قبضے کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور سندھ کے عوام کے حقوق پر کبھی سودے بازی نہیں کی جائے گی
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جس کے خلاف وفاقی حکومت کو مؤثر سفارتی اقدامات کرنے چاہییں۔ سندھ کے لوگ اپنے دریا کی حفاظت کے لیے متحد ہیں اور کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دریائے سندھ صرف پانی کا ذریعہ نہیں بلکہ سندھ کی تہذیب، ثقافت اور شناخت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور پانی کے معاملے پر کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی



