بحیرۂ عمان آئل ٹینکرپرحملہ،بھارت نے امریکی مشن کے نائب سربراہ کو طلب کر لیا

عمان(جانوڈاٹ پی کے)بھارت نے بحیرۂ عمان میں آئل ٹینکر حملے پر نئی دہلی میں امریکی مشن کے نائب سربراہ کو طلب کرلیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت نے امریکی مشن کو اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق خلیج عمان میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 3 بھارتی لاپتا ہیں، آئل ٹینکر پر موجود 28 افراد کے عملے میں سے 24 بھارتی شہری تھے۔
اس سے قبل امریکی افواج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ امریکی افواج نے بحیرۂ عمان میں ایک آئل ٹینکر کو فضائی حملہ کرکے ناکارہ بنا دیا۔ امریکی فوج کے مطابق جہاز نے امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کی۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق پلاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ایم/ٹی سیٹے بیلو کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بحیرۂ عمان سے گزر رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی طیارے نے جہاز کے انجن روم کو نشانہ بنایا کیونکہ عملہ امریکی فورسز کی جانب سے بار بار دی گئی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہا۔
خیال رہے کہ امریکی فوج نے گزشتہ روز بھی بحیرہ عمان میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا تھا۔



